ہمسایہ ملک بھارت سے افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک کالج میں طلبہ کی جانب سے انتہائی خطرناک واقعہ پیش آیا جس میں بارہویں جماعت کے طلبہ نے سائنس ٹیچر کی کرسی کے نیچے دھماکا خیز آلہ نصب کرکے دھماکا کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ طلبہ کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ کا بدلہ لینے کے لیے انجام دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق طلبہ نے یوٹیوب کا استعمال کرتے ہوئے بم بنانے کا طریقہ سیکھا اور اس علم کو اپنی ٹیچر کے خلاف استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر ایک خاتون سائنس ٹیچر کی جانب سے سخت ڈسپلن کی وجہ سے طلبہ ناراض تھے۔ انہوں نے یوٹیوب سے دستیاب مواد سے دھماکا خیز ڈیوائس بنائی اور اسے کرسی کے نیچے نصب کرکے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکا کیا۔ خوش قسمتی سے ٹیچر اس واقعے میں محفوظ رہیں، لیکن یہ واقعہ اساتذہ کی حفاظت اور تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
واقعے کے بعد محکمہ تعلیم نے فوری اقدامات کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 13 طلبہ کو ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
یہ واقعہ آن لائن پلیٹ فارمز کے غلط استعمال اور تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حفاظت کے حوالے سے سنجیدہ بحث کا سبب بن گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف تعلیمی ماحول کو متاثر کرتے ہیں بلکہ طلبہ کی اخلاقی تربیت کی کمی کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔