(اُردو ایکسپریس)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ پاکستانی ٹیم بھارت جاکر کھیلے اور بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئے، ہائبریڈ ماڈل پر فیصلہ ووٹس پر ہونے کی صورت میں حکومت سے مشورہ کرکے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے، آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے، اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔
پاکستان کرکٹ بور ڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے رات گئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ اور نیسپاک کے حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کو منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
محسن نقوی نئے تعمیر کردہ اسٹینڈ کے آخری اسٹیپ تک گئے اور وہاں سے اسٹیڈیم کے ویو کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے قبل دسمبر کے آخری ہفتے تک اسٹیڈیم کی مکمل تعمیر مکمل کر لی جائے گی