لیاقت آباد کے علاقے میں شادی شدہ خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے مرکزی ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ لیاقت آباد خادم حسین اور ان کی پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔
انچارج انویسٹی گیشن نے میڈیا کو بتایا کہ 38 سالہ کرن شہزادی کو رشتہ کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ تاہم اب ملزم زیر حراست ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا۔